شہر میں بجلی اورصفائی ستھرائی سمیت سنگین مسائل موجود ہیں، حافظ نعیم

295

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملیر کے علاقے کا بھی وہی حال ہے جو پورے شہر کا ہے، ملیر سمیت پورے شہر کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں، دونوں نے مل کر اپنی نا اہلی اور کرپشن سے شہر کو اس حال تک پہنچا دیا ہے اور پی ٹی آئی نے بھی اپنے ساڑھے تین سال کے دوران کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے عوامی رابطہ و بلدیاتی انتخامی مہم کے سلسلے میں ضلع ائیر پورٹ کے علاقے ملیر کا دورہ کیا۔ مختلف مقامات پر بلدیاتی دفاتر سمیت سعودآباد چورنگی پر فیملی جلسے اور الخیر گارڈن میں استقبالیے سے خطاب کیا۔

 کالا بورڈ، اے ایریا، بی ایریا، سی ایریا، شیشہ گلی، لیاقت مارکیٹ، جناح اسکوائر،اردو نگر چوک سمیت دیگر مقامات پر حافظ نعیم الرحمن کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور نوجوانوں نے پُر جوش نعرے لگائے۔

 علاقہ مکینوں نے حافظ نعیم الرحمن کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے،  فیملی جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ نوجوانوں کی جانب سے آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی خستہ حالی،صفائی ستھرائی، صحت اور تعلیم کے سنگین مسائل موجود ہیں، ہمارے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع میسر نہیں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے لیے باعزت ٹرانسپورٹ نہیں اور مجبوراً انہیں چنگ چی رکشوں میں سفر کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور کے بعد شہر میں تعمیر وترقی کا سفر عملاً رکا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے پاس شہر کی از سر نو تعمیر وترقی کے لیے ایک روڈ میپ اور با صلاحیت اور دیانت دار ٹیم موجود ہے، ملیر کے عوام اور نوجوان جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ چلیں۔