راولپنڈی ٹیسٹ؛ انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو 74 رنز سے شکست

491

راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے74 رنز سے جیت کر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔انگلینڈ کے کھلاڑی رابنسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کو جیت کے لیے 263 رنز جب کہ انگلینڈ کو 8 وکٹیں درکار تھیں۔ 89رنز پر پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی۔ امام الحق 48 رنز بنا کر اینڈریسن کی گیند پر وکٹ کیپر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ان کے بعد محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے، انہوں نے 45 منٹ بعد اور 24ویں گیند پر چوکا لگایا۔اسی دوران سعود شکیل نے نصف سنچری مکمل کرلی۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔ بعد ازاں 176رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی۔محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔وہ اینڈریسن کی گیند پر وکٹ کیپر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ان کے بعد اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے، تاہم  198 رنز کے مجموعی اسکور پرپاکستان کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی۔ سعود شکیل 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وہ رابنسن کی گیند پر جینی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

ان کے بعد سلیمان علی آغا بیٹنگ کے لیے آئے۔ چائے کے وقفے تک پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنزتھا۔ 259 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی گر گئی۔ سلیمان علی آغا 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔انہیں رابنسن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ان کے بعد نسیم شاہ بیٹنگ کے لیے آئے۔ 260 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گر گئی۔ اظہر علی 40 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔وہ رابنسن کی گیند پر جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

اس موقع پر زاہد محمود بیٹنگ کے لیے آئے۔ 264 پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گر گئی۔ زاہد محمود صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔وہ اینڈریسن کی گیند پر وکٹ کیپر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ان کے بعد حارث روف بیٹنگ کے لیے آئے اور  اسی سکور پر پاکستان کی نویں وکٹ بھی گر گئی۔ حارث رؤف کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہو گئے۔وہ اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر آخری کھلاڑی محمد علی بیٹنگ کے لیے آئے۔268 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گر گئی۔ نسیم شاہ 6 رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔محمد علی صفر اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن اور رابنسن نے 4،4 جب کہ بین اسٹوکس اور جیک لیچ نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی ۔

حتمی طور پر انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 74رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ رابنسن کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔