پختونخوا: پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے اسمبلی تحلیل کا اختیار عمران خان کو دیدیا

398

پشاور: پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیارچیئرمین عمران خان کو دے دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ عمران خان فیصلہ کریں تو 5 منٹ میں اس پر عمل ہوگا ۔ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سی ایم ہاؤس میں ہوا، جس سے پارٹی چیئرمین عمران خان نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔

اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کودے دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پختونخوا علی محمود  خان نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کے ارکان اسمبلی ہیں، جو فیصلہ آپ کریں گے، وہی  قبول ہوگا ۔ تمام ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے مجھے دے دیےہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ استعفے نہ دیں، جب بھی عمران خان کا حکم ہوا، ہم سب فارغ ہوجائیں گے۔خیبرپختونخوا آپ کا ہے،یہ آپ کا گھر ہے، ہم آپ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔جب آپ نے پکارا، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور  کھڑے رہیں گے۔ حقیقی آزادی کے لیے ہم سب تیار ہیں۔