اعلی تعلیمی نظام کو حالات کے مطابق ڈھالا جائے، رانا تنویر حسین

388

 اسلام آباد:وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے اعلی تعلیمی نظام کو قومی ضروریات، بدلتے ہوئے سماجی اور اقتصادی منظر نامے کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں اعلی تعلیم کے فروغ کے موضوع پر 3 روزہ کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ جس میں پاکستان کی اعلی تعلیم کے فروغ کے موضوع پر سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس کا انعقاد ہائرایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیوٹی (ایچ ای ایس ایس اے)کے تحت کیا گیا تھا جبکہ اس کے لیے اعانت امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کے اعلی تعلیمی نظام کو قومی ضروریات، بدلتے ہوئے سماجی اور اقتصادی منظر نامے کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے کہا کہ کانفرنس میں افرادی قوت کی قابلیت کو بہتر بنانے کے لیے مفید سفارشات پیش کی گئی ہیں جنہیں ایچ ای سی اپنی آئندہ کی منصوبہ بندی اور جاری اقدامات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا جائزہ لے گا۔

اس موقع پر یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلیمین نے پاکستان کے ساتھ مل کر ہائر ایجوکیشن نظام کو مظبوط بنانے بالخصوص تحقیق اور پالیسی اصلاحات کے شعبوں میں کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔