ارب پتی پی سی بی نے غریب کرکٹرز کو معاوضوں کیلئے رلا دیا

374
ارب پتی پی سی بی نے غریب کرکٹرز کو معاوضوں کیلئے رلا دیا

اسلام آباد:ارب پتی پی سی بی نے غریب کرکٹرز کو معاوضوں کیلئے رلا دیا جب کہ مالی حالت بہتر بنانے کیلیے بلند و بانگ دعوے کرنے کے بعد5 ماہ سے ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی،سابقہ دور میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام تبدیل ہونے سے سیکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہوئےہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق  ڈپارٹمنٹس کی بندش سے ان کی آمدنی کا بڑا ذریعہ ختم ہو گیا، گوکہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کا اعلان کیا تھا مگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ پاکستان سے باہر نہیں جا سکتا، چیئرمین پی سی بی

بورڈ کی موجودہ انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے اور آمدنی میں اضافے کے بلند وبانگ دعوے کیے مگر تاحال کوئی بہتری نظر نہیں آئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جولائی کے بعد سے اب تک ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی گئی ہے، یہ پانچواں مہینہ ہے جب وہ چیک کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

ملازمتوں سے محروم کھلاڑیوں کیلیے اپنے گھروں کے چولہے جلائے رکھنا دشوار ہوتا جا رہا ہے، قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل ہوئے ڈھائی ماہ گذر چکے اس کی انعامی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔

سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی  ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس ارسال کیے گئے۔