ارشد شریف قتل کیس، کمیٹی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول

476
ارشد شریف قتل کیس، کمیٹی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول

اسلام آباد: صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے )کی بنائی گئی فیکٹ فائڈنگ کمیٹی نے اب تک کی تحقیقات سے متعلق اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی ہے۔یہ رپورٹ سیکریٹری داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کینیا میں کی گئی تحقیقات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کے سلسلے میں دبئی میں یونے والی تحقیقات اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے دبئی پولیس کو لکھے گئے خط میں مقتول صحافی ارشد شریف کا ویزا منسوخ ہونے کی وجوہات پوچھی تھیں۔

جب کہ ایف آئی اے کی جانب سے ان کی رہائش کی تفصیلات بھی مانگی گئی تھیں۔خط میں لکھا تھا کہ پاکستانی صحافی کی رہائش گاہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی ویڈیوز دی جائیں، بتایا جائے کہ دبئی میں ارشد شریف کہاں کہاں گئے اور کس کس سے ملے۔

ایف آئی اے نے دبئی پولیس سے ارشد شریف، سلمان اقبال اور طارق وصی کے ٹیلی فون نمبرز کی سی ڈی آر(کال ڈیٹیل ریکارڈ)فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: فیصل واوڈا کا ارشد شریف کے قتل سے متعلق ایک اور دعویٰ

پاکستان کی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ دس سے بیس اکتوبر تک دبئی آنے والے پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کا ڈیٹا دیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے صحافی ارشد شریف کے قتل کی اطلاعات 23 اکتوبر کو سامنے آئی تھیں۔ ان کو کینیا میں قتل کیا گیا۔