بنیادی ضرورت کی 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ،مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری

498

اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں0.16 فیصد کی معمولی کمی  آئی ہے تاہم اس کے برعکس سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح اب بھی 30.56فیصد ہے جب کہ ماچس،آلو،نمک اور چاول سمیت مجموعی طور پر23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی مہنگائی کے حوالے سے جاری کی گئی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر،پیاز،دالیں،گھی اور چکن سمیت10اشیا سستی ہوئی ہیں جب کہ 18شیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران  ماچس1.32فیصد،آلو1.65،نمک1.32 فیصد ،چائے کی پتی1.72 فیصد اور ایری سکس چاول1.23 فیصدمہنگے ہوئے۔

چکن1.71فیصد،ٹماٹر12.26فیصد،پیاز 2.79فیصد،دال چنا0.68د،دال مسور0.64فیصد،ویجی ٹیبل گھی 0.38فیصد اور ایل پی جی0.42 فیصد سستی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں28.67فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں29.82فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے کئت مہنگائی کی شرح میں30.90فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں31.73فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 30.79فیصدرہی ہے۔

اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جن 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ان میں ماچس، چائے کی پتی،نمک،انڈے،لہسن،چینی،دہی،تازہ کھلا دودھ،آگ جلانے والی لکڑی،دال مونگ،دال ماش،آٹا اورسرسوں کے تیل سمیت دیگر شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران جن 10اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، ان میں ٹماٹر،پیاز،دال چنا،دال مسور، ویجی ٹیبل گھی اور،ایل پی جی شامل ہیں، البتہ 18 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔