تیس ہزارمستحق معذوروں کو ویل چیئرز فراہم کرچکے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن

410
wheelchairs

لاہور : الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک بھر میں 4 ہزار ویل چیئرز تقسیم کیں جبکہ 2012 سے اب تک تقریباََ 30 ہزار مفت ویل چیئرز تقسیم کی جاچکی ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت معذوریا خصوصی  افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا ا نعقاد کیا گیا۔ان تقریبات کا مقصدخصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے اجتماعی کوششوں کا شعور اجاگر کرنا تھا۔ لاہور میں منعقدہ تقریب میں 50 معذور افراد کو ویل چیئرز، 50 نابینا افراد کو چھڑیاں اور ڈیڑھ سو سے زائد تحائف تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں خصوصی افراد کے لیے متحرک تنظیموں نے سٹالز بھی لگائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیابھر میں1 ارب افراد معذور ہیں جو کہ دنیا کی کل آبادی کا 15 فیصد بنتا ہے۔ اس میں 7 کروڑ 50 لاکھ افراد کو ویل چیئرکی سہولت میسر نہیں ہے۔اقوام متحدہ  کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے مطابق اس وقت پاکستان میں کم و بیش 2 کروڑ 70 لاکھ افرادکسی نا کسی صورت میں معذوری کا شکارہیں۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 2 لاکھ 95 ہزارافراد جسمانی معذور ہیں، جن میں سے اکثریت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتی ہے اور بنیادی علاج معالجے اور ویل چیئر ز جیسی سہولیات سے محروم ہے۔

ڈاکٹر مشتاق مانگٹ کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 2012 سے اب تک تقریباََ 30 ہزار مفت ویل چیئرز تقسیم کی جاچکی ہیں۔حقیقی معذور افراد کی نشاندہی اور ویل چیئرز کی فراہمی کے لئے ایک مکمل نظام وضع کیا گیا ہے۔ معذور افراد کی جانب سے موصول شدہ درخواستوں کی مقامی سطح پر جانچ پڑتال کے بعد ویل چیئرز فراہم کی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ معذور افراد کے لئے  انڈور سپورٹس فیسٹولز بھی منعقد کئے جاتے ہیں،جس میں ہزاروں معذور افراد مختلف کھیلوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔