فیفا ورلڈ کپ: ہر میچ سے قبل فلسطینی پرچم لہرانے کا سلسلہ جاری

652

دوحا: قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں میدان فلسطینیوں کے لیے سفارت کار بن گئے اور میچ کسی بھی ملک کے ساتھ ہو پرچم فلسطین کے لہرائے جا رہے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں جہاں ایک طرف دنیا کی 32 ٹیموں اور ان کے شائقین میں جوش و خروش پایا جاتا ہے وہیں یہ گراونڈ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے میدانوں میں تبدیل ہو کر مظلوم فلسطینیوں کے لیے سفارت کار بن گئے ہیں۔

 میچ کسی بھی ملک کا ہو پرچم فلسطین کے لہرائے جا رہے ہیں،دنیا بھر سے فٹبال کے عالمی مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کھیل میدانوں میں فلسطینی پرچم لہرا کر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور قابض اسرائیل کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کرکے صہیونیوں کو دو ٹوک پیغام دے رہے ہیں۔

گزشتہ روز تیونس اور فرانس کے میچ میں ایک فین فلسطین کا جھنڈا لے کر میدان میں آیا اور میچ کی اسرائیلی براہ راست نشریات میں شائقین نے فلسطین کے حق میں نعرے لگائے جس کے بعد صہیونی صحافیوں کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا،ایک صحافی کو شائقین سے بات کرتے ہوئے اس وقت سخت شرمندگی اٹھانا پڑ گئی، جب اس نے اپنا تعارف بطور اسرائیلی کروایا۔

عرب شائقین نے بھی اسرائیلی صحافیوں کو دھتکارتے ہوئے دو ٹوک بتا دیا ہے کہ اسرائیل نہیں بلکہ فلسطین ہی حقیقت ہے۔