سینیٹ الیکشن: پیپلز پارٹی کے حق میں ایم کیو ایم دستبردار ہوگئی

295

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت اور امیدوار کی دستبرداری کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت کے جواب میں پیپلز پارٹی قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نامزد شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرے گی۔

صوبائی وزیربلدیات کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا، جہاں وسیم اختر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کراچی کی سیاسی صورتحال اور  حلقہ بندیوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس پر وزیربلدیات نے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات حل ہونے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ 8 دسمبر کو سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ایم کیو ایم اپنا امیدوار دستبردار کروا کے پیپلزپارٹی کے امیدوار وقار مہدی کی حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ناصر بھائی اور پارٹی قیادت کی درخواست تھی کہ ایم کیو ایم کے امیدوار کو دستبردار کرائے، جس پر کنونیئر اور رابطہ کمیٹی نے کل اپنا امیدوار دستبردار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ امید ہے کہ وقار بھائی سینیٹر بن کر سندھ اور کراچی کے مسائل حل کریں گے۔

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم اتحادی ہے اور ہم مل کر شہر و صوبے کے مسائل کو حل کریں گے۔ پنجاب اور کے پی کے اسمبلی کی تحلیل صرف عمران خان کا ذاتی بیان ہے، کوئی اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹریٹر جلد تعینات ہو جائے گا۔