عوام ریلیف سے محروم، پٹرولیم مصنوعات پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں اضافہ

372
profits

لاہور: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی مسلسل گرتی قیمتوں کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف سے محروم رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں اضافہ کر دیا، یکم دسمبر سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 1روپے 32پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہوگیا۔

حکومتی فیصلے سے آئل کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ ہو گا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر اوایم سی مارجن 32پیسے اضافے سے 4روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر اوایم سی مارجن 1.32روپے اضافے سے 5روپے فی لیٹر کردیا گیا۔

جبکہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں بھی اضافہ کر دیا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 12روپے بڑھا کر 25روپے فی لیٹر کردی گئی۔ وفاقی حکومت پٹرول پر 50روپے فی لیٹر ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ پٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے۔ وفاقی حکومت بتدریج پٹرول پر 2روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 1روپے فی لیٹر مارجن بڑھائے گی۔