اسٹیبلشمنٹ کے تمام حربے ناکام اور بے نقاب ، خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، لیاقت بلوچ

474
اسٹیبلشمنٹ کے تمام حربے ناکام اور بے نقاب ، خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، لیاقت بلوچ

لاڑکانہ:  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی اقتصادی اور اخلاقی بحرانوں سے دوچار ہے۔

اسمبلی توڑنا، استعفیٰ دینا یہ ایک آئینی و جمہوری عمل ہے جس کا سب کو حق حاصل ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے تمام حربے ناکام اور بے نقاب ہوچکے ہیں اس کا خمیازہ پوری قوم و ملک مہنگائی، کرپشن، بیروزگاری لاقانونیت اور بے یقینی کی صورتحال میں بہگت رہی ہے۔

ذمے داران اللہ پر توکل سے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ جماعت اسلامی اپنے جھنڈے اور نشان پر انتخابات میں حصہ اور 50 لاکھ ووٹ کا ہدف حاصل کرنے کے لیے جدو جہد تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں سیاسی و انتخابی صورتحال پر منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی اور ناظم انتخابات ممتازحسین سہتو نے سندھ کی سیاسی و انتخابی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں لاڑکانہ ڈویڑن کے ضلعی امرائ، متوقع قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران، ناظمین انتخابات و سیاسی امور اور برادر تنظیمات کے ذمے داران بھی شریک تھے۔

مشاورتی اجلاس سے مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف،ناظم سوشل میڈیا شمس الدین امجد اور قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ سندھ باب الاسلام ہے۔ مگر اسٹیبلشمنٹ نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہری دیہی سندھ کو تقسیم اور عوام کو اپنے حقوقِ کے نام پر لسانیت کی طرف دھکیل دیا ہے۔

سیلاب متاثرین کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنوں کی امدادی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کے والد اور صدارتی ایوارڈ یافتہ نعت گو شاعر سید گل محمد شاہ گل بخاری کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی گئی۔