قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہﷺ

471

پھر ہم خود پور ے علم کے ساتھ سرگزشت ان کے آگے پیش کر دیں گے، آخر ہم کہیں غائب تو نہیں تھے۔ اور وزن اس روز عین حق ہوگا جن کے پلڑے بھاری ہوں گے وہی فلاح پائیں گے۔ اور جن کے پلڑے ہلکے رہیں گے وہی اپنے آپ کو خسارے میں مبتلا کرنے والے ہوں گے کیونکہ وہ ہماری آیات کے ساتھ ظالمانہ برتاؤ کرتے رہے تھے۔ ہم نے تمھیں زمین میں اختیارات کے ساتھ بسایا اور تمہارے لیے یہاں سامان زیست فراہم کیا، مگر تم لوگ کم ہی شکر گزار ہوتے ہو۔ (سورۃ الاعراف:7تا10)

ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہؐ نے فرمایا: میری امت میں سے کون ہے جو مجھ سے پانچ باتیں حاصل کرے اور ان پر عمل کرے یا کم از کم کسی شخص کو بتادے جو ان پر عمل کرے؟ میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول میں کروں گا۔ اس پر آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑا اور انہیں شمار کرنے لگے۔ (ان میں سے ایک یہ ہے) اللہ کی تقسیم پر راضی رہو تم لوگوں میں سب سے بڑے غنی بن جاؤ گے۔ (مسند احمد)