گوشوارے لیک؛ ایف بی آر افسران کیخلاف کارروائی شروع

287

اسلام آباد: سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے اہل خانہ کے ٹیکس گوشوارے لیک کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ایف بی آر کے افسران کے خلاف باقاعدہ کاروائی شروع کردی گئی۔ ایف بی آر نے 2 افسران معطل کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ 18 کے 2 افسران عاطف وڑائچ اور ظہوراحمد کو 120 دن کے لیے معطل کیا گیا ہے جبکہ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان لینڈ ریونیو گریڈ 18 کے ان افسران کو اس سے پہلے عہدوں سے ہٹایا گیا تھا۔

جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے خاندان کے ٹیکس گوشواروں کی لیک ہونے سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی تھیں۔ گوشواروں کی تصویر ڈپٹی کمشنر کے کمپیوٹر سے بنائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف کے خاندان کے ٹیکس گوشواروں کے لیکیجز کی انکوائری کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے اس میں چیف کمشنر کی سطح کے افسران سمیت ایک درجن کے لگ بھگ افسران سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

علاوہ ازیں انکوائری میں انکم ٹیکس کے مزید 3 افسران کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف کمشنر، کمشنر اور ایڈیشنل کمشنر سے بھی مزید پوچھ گچھ ہوگی اور تحقیقات کے بعد ہی ان افسران سے متعلق کوئی فیصلہ ہو گا۔