اسمبلیاں تحلیل کرنے کے ساتھ پی ڈی ایم کو ذلیل بھی کریں گے، صوبائی وزیر قانون

419

لاہور: وزیر قانون پنجاب خرم شہزاد ورک نے جاوید لطیف کے اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے ساتھ پی ڈی ایم کو ذلیل بھی کریں گے۔

وزیر قانون پنجاب  نے کہاکہ  آجکل جاوید لطیف کے پاس میڈیا پر بیٹھ کر باتیں کرنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں بچا، جاوید لطیف کو معلوم ہے اگر اسمبلیاں تحلیل ہو گئیں تو ان کے پاس بیان بازی والا کام بھی نہیں رہیگا۔

انہوں نے کہاکہ  یہ لوگ خوف میں مبتلا ہوکر بیان بازی کرتے رہ جائیں گے اور خبر آئے گی اسمبلیاں تحلیل ہوگئیں۔ ن لیگ اور اس کے حواری جانتے ہیں آئندہ الیکشنوں میں ان کا سازشوں کے ذریعے بھی جیت کا کوئی چانس نہیں۔

خرم شہزا د کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ کے عوام نے ابھی کچھ عرصہ قبل ہی ن لیگ کو اپنے شہر سے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ نئے الیکشن جاوید لطیف جیسے پرانے آزمائے ہوئے ناکارہ پرزے سیاست سے ختم کر دیگا۔ عوام کو اب ایسے منتخب افراد کی ضرورت ہے جو ان کے مسائل حل کریں نہ کہ قومی وسائل ہڑپ کر کے بھاگنے والوں کی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ہم نے ملکی مفادات کے لیے کبھی عہدے اور ذاتی مفادات کی پرواہ نہیں کی۔ اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ بھی ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر کیا جا رہا ہے کیونکہ وفاق میں بیٹھا سازشی ٹولہ اپنی سیاست کی بقا کی جنگ لڑ لڑ کر ہلکان ہو رہا ہے اور اس کے نام نہاد وزیر میڈیا پر روز آ کر اپنا ماتھا پیٹ رہے ہیں۔