آسٹریلیا میں مقیم مسلمانوں کی تنظیم نے سیلاب متاثرین میں کپڑے تقسیم کردیے

377
relief package

سندھ کے ضلع خیرپور کی تحصیل گمبٹ میں آسٹریلیا میں مقیم مسلمانوں کی تنظیم نے مقامی فلاحی ادارے کے تعاون سے سیلاب متاثرین اور عارضی خیموں میں مقیم ساڑھے پانچ ہزار افراد میں سلے سلائے جوڑے اور گرم کپڑے تقسیم کئے۔

فلاحی ادارے سبیل  مصطفیٰ فاؤنڈیشن آسٹریلیا نے دعا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خیر پور گمبٹ میں تقریب تقسیم منعقد کی۔ اس موقع پر گمبٹ تحصیل کے اطراف کے دیہات سے بڑی تعداد میں سیلاب متاثرین شریک ہوئے ۔

 سیلاب متاثرین میں خواتین اور بچیوں کے ملبوسات بھی تقسیم کئے گئے گئے۔  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان خان اور سبیلِ مصطفی فاؤنڈیشن کے سید نعمان نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی پریشانیوں اور مشکلات کا احساس پوری امت مسلمہ کو ہے۔

 یہ امت مسلمہ کا اعزاز ہے کہ آسٹریلیا میں ہزاروں میل دور مقیم مسلمانوں نے اپنے پاکستانی بھائیوں کی پریشانیوں میں کمی کے لیے تعاون کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی گھروں تک باعزت واپسی تک ان کا یہ امدادی آپریشن جاری رہے گا۔

 اس موقع پر متاثرین میں 70 بین الاقوامی معیار کے خیمے، سیکڑوں کی تعداد میں گرم جیکٹس، کمبل، لحاف اور گدے بھی متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔