سپریم کورٹ: اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست

283

اسلام آباد: تحریک انصاف کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے پارٹی رہنما اعظم سواتی پر قائم مقدمات کو اسلام آباد منتقل کرنے کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں وفاق، ڈی جی ایف آئی اے، سندھ اور بلوچستان کے آئی جیز کو فریق بنایا گیا ہے۔

وکیل بابر اعوان کے ذریعے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اعظم سواتی کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اعظم سواتی کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کو کیسز کے سلسلے میں ملک کے دیگر علاقوں میں پیش ہونے پر سیکورٹی کے خدشات لاحق ہیں۔ عدالت ان کے خلاف درج تمام مقدمات کو اسلام آباد منتقل اور یکجا کرنے کے احکامات دے اور ساتھ ہی عدالت عظمیٰ میں درخواست کے التوا کے دوران درج مقدمات پر آپریشن بھی معطل کیا جائے۔