نواز شریف کی نااہلی ان کے اپنے کرتوتوں کا ثمر تھا، شیریں مزاری

382

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی رہنما شیریں مزاری  نے کہا ہے کہ  شریف خاندان عقل و فہم کے سنگین مسائل سے دوچار ہے، مریم نواز کے والد کی سیاست سے قوم اچھی طرح واقف ہے۔

 شیریں مزاری نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے  کہاکہ نواز شریف کی نااہلی سازش کا نتیجہ نہیں ان کے اپنے کرتوتوں کا ثمر تھا، پاناما لیکس خود نواز شریف کے دور میں منظرعام پر آئیں۔

شریں مزاری نے کہا کہ پاناما جیسے عالمی انکشاف سے نواز شریف کی کرپشن بے نقاب ہوئی اور ان کے خلاف تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں جے آئی ٹی نے کیں، نواز شریف کی نااہلی، کرپشن پر فیصلے، سپریم کورٹ، احتساب عدالت نے سنائے، یہ حقیقت قوم تسلیم کرچکی ہے کہ نواز شریف نے لوٹ مار کو اولین ہدف بنایا، جب وہ اقتدارسے نکلے تو این آر او اور چوری معافی کیلئے ہاتھ پائوں مارتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز والد کے پلیٹ لیٹس پورے کرنے کے ساتھ دماغ کے لیے بھی معالج رکھیں، ملک کے خلاف کرپٹ خاندان کے عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں۔