نابینا طالبہ سے زیادتی کے ملزم ٹیچر سمیت تینوں سرکاری ملازم معطل

362

اوکاڑہ: اسپیشل تعلیم حاصل کرنے والی نابینا طالبہ سے زیادتی میں ملوث ٹیچر سمیت سرکاری اسکول کے 3 ملازمین کو نوکری سے معطل کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ خصوصی تعلیم نے اسپیشل ایجوکیشن سینٹر دیپالپور میں نابینا طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے ملزم تین اسکول ملازمین کو نوکریوں سے معطل کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی اسپیشل ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر زیادتی میں ملوث تینوں افراد کو پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے معطل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ناک واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ اسپیشل ایجوکیشن نے کہا ہے کہ زیادتی کے ملزمان میں کامران نامی میوزک ٹیچر، صفدر نامی چوکیدار اور اللہ دتہ نامی اٹینڈنٹ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اوکاڑہ کے تھانہ سٹی دیپالپور کی حدود میں اسپیشل ایجوکیشن کی آٹھویں جماعت کی نابینا طالبہ سے زیادتی کاانکشاف ہوا تھا، اس سلسلے میں متاثرہ طالبہ کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا تھا کہ ملزمان 2 ماہ سے نابینا طالبہ سے زیادتی کررہے تھے اور انہوں نے بچی کو کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔