پاک بحریہ کی سمندر میں کارروائی، 8.6 ارب مالیت کی منشیات برآمد

510

کراچی: پاک بحریہ کے 2 جہازوں نے فضائی یونٹ کے تعاون سے شمالی بحیرہ عرب میں تقریباً 5800 کلوگرام منشیات برآمد کرکے قبضے میں لے لی، جس کی مالیت تقریباً 8.6 ارب روپےہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پاک بحریہ بحیرہ عرب میں تزویراتی طورپر اہم آبی گزگاہوں پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے، تدراک کرنے اور ناکام بنانے کے اپنے قومی عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ کارروائیوں میں پاک بحریہ کے 2 جہازوں نے بحیرہ عرب میں کامیاب انسداد منشیات آپریشن کیا، جس میں منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کرک ےقبضے میں لے لی گئی۔

شمالی بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکورٹی آپریشنز کرتے ہوئے پاک بحریہ کے جہازوں نے 2 مشکوک کشتیوں کو تلاش کیا اور مؤثر اندازمیں کارروائی کرتے ہوئے ان کشتیوں کی چھان بین پر منشیات کی بڑی مقداربرآمد کی، جس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کا تخمینہ تقریباً 8.6 ارب روپے ہے۔ پکڑی گئی دونوں کشتیوں کو زمینی قانون کے مطابق مزید کارروائی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاک بحریہ کا کامیاب انسداد منشیات آپریشن سمندر میں امن و امان برقرار رکھنے کی قومی اور بین الاقوامی ذمے داریاں نبھانے میں پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے نمٹنے اور اپنی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔