اسلام آباد ہائی کورٹ حملہ کیس،وکلاء نے غیرمشروط معافی مانگ لی

466

 اسلام آباد:ہائی کورٹ حملہ کیس میں ملوث وکلاء نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہائی کورٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی،

 کیس کی سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔حملہ کیس میں اس وقت نیا موڑ آیا جب توہین عدالت کیس میں شامل اسلام آباد کے وکلاء نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ 

عدالت نے توہین عدالت کیس میں شامل وکلاء سے استفسار کیا کہ کیا وکلاء کا کوڈ آف کنڈکٹ پڑھا ہے، آپ مستقبل میں کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کریں گے، آئندہ ان وکلا ء کے خلاف کوئی ایسی شکایت آئی تو بھی کارروائی بحال ہو جائے گی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے عدالت کو مستقبل میں اچھا رویہ رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس حوالے سے عدالت تحریری آرڈر پاس کرے گی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ توہین عدالت کیس میں جو وکلاء پیش ہوئے ان کو آئندہ پیش ہونے کی ضرورت نہیں اور جو پیش نہیں ہوئے ان کو نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔

عدالت نے پیش نہ ہونے والے وکلا کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ توہین عدالت کیس میں جو وکلا ء پیش نہیں ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔