پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی،راجہ پرویزاشرف

220
پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی،راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں عوامی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کی لازوال داستان ہے، ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔

ان خیالات کااظہار راجہ پرویز اشرف نے بدھ کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے55 ویں یوم تاسیس کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی،قائد عوام وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے سقوط ڈھاکہ کے بعد ملک کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو 1973 کے آئین کی صورت میں مکمل دستور فراہم کیا۔ اسمبلی پیپلز پارٹی نے 18 ویںآئینی ترمیم کے ذریعے آئین کی اصل روح کے مطابق بحال کیا اور صوبوں کو اختیارات دیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے تینوں ادوار میں بے مثال حکومت کی۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد  محترمہ نصرت بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں اپنی جدو جہد جاری رکھی۔

راجہ پرویز اشر ف نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لئے دی گئی قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور آئین و قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔جمہوریت کی بحالی کے لئے پیپلز پارٹی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔