اسلام آباد ائیرپورٹ پربیرون ممالک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش نا کام

472

اسلام آباد:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے20 ہیروئن بھرے کیپسولز جبکہ مسقط جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 986 گرام آئس برآمدکر کے دونوں ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا ۔

انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں لندن کے لیے بک کروائے گئے پارسل سے 500 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں ۔اٹک نجی کوریئر آفس میں کینیڈا کے لیے بک کروائے پارسل سے 1 کلو 400گرام آئس برآمد،برآمدشدہ منشیات کیچن کٹنگ بورڈ میں چھپائی گئی تھی۔

ترجمان اے این ایف کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان کے مطابق شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب پِک اپ گاڑی سے 69کلو 600گرام چرس اور 20 کلو 400 گرام افیون برآمدکر کے پشاورکے رہائشی ملزم کو گرفتارکر لیا گیا۔

پشاور رنگ روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے پنجاب منشیات سمگلنگ کی کوشش نا کام بنادی گئی اور کار کے خفیہ خانوں سے 10کلو400 گرام ہیروئین برآمدکر کے دوملزمان کوگرفتارکر لیا گیا۔

زیرو لائن چیکنگ پوائنٹ تورخم کے قریب افغان باشندے سے 930 عدد نشہ آور گولیاں برآمدکر لی گئیں۔شاہراہ فیصل کراچی میں واقع نجی کوریئر آفس میں لندن بھیجے جانے والے پارسل سے 6کلو 650گرام ہیروئین برآمدکر لی گئی۔

برآمدشدہ منشیات مسواک میں چھپائی گئی تھی، نارتھ ناظم آباد کراچی میں کاروائی کرتے ہوئے رکشہ سے 27کلو600گرام چرس برآمد کر کے کراچی کے رہائشی ملزم کوگرفتارکر لیا گیا۔ 

اے این ایف اور ایف سی بلوچستان کی مشترکہ کاروائی کے دوران نوکنڈی سیہان کے علاقہ سے 1900کلو افیون اور220کلو چرس برآمدکر لی گئی۔ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔