ساڑھے تین منٹ میں پاستا تیار کرنے کا جھوٹا دعوی، کمپنی پر 40 کروڑ کا ہرجانہ

589

فلوریڈا:امریکی خاتون نے مقامی فوڈ کمپنی پر پانچ ملین ڈالر کا دعوی دائر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے جھوٹ کا سہارا لیا،فلوریڈا کی رہائشی امندا رامیرز نامی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ کرافٹ ہینز کمپنی نے یہ کہہ کر قانون کی خلاف ورزی کی ہے کہ ویلویٹا مائیکرو ویو ایبل میک اور پنیر تیار ہونے میں ساڑھے تین منٹ لگتے ہیں جو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔

خاتون کا موقف ہے کہ کمپنی کے تیار کردہ باکس پر لکھا ہوتا ہے کہ ویلویٹا شیلز اور پنیر ساڑھے تین منٹ میں تیار ہوجاتے یعنی جتنا وقت میکرونی پاستا کو مائیکرو ویو میں پکانے میں لگتا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمہ فلوریڈا کے جنوبی ضلع کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

 خاتون کا کہنا ہے کہ پروڈکٹ کو تیار ہونے میں اس سے کہیں زیادہ زیادہ وقت لگتا ہے کیونکہ اسے بنانے کے مراحل زیادہ وقت لیتے ہیں،اپنی درخواست میں  انہوں نے پاستا بنانے کیلئے درکار اجزا اور مائیکروویو اوون میں اس کی تیاری کا طریقہ کار بھی بیان کیا ہے، مقدمے کی مدعی خاتون نے ہرجانے کی درخواست میں کمپنی سے5 ملین ڈالر یا 40 کروڑ 80 لاکھ روپے طلب کیے ہیں۔

دوسری جانب کرافٹ ہینز کمپنی کے ترجمان نے مذکورہ قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے ایک میڈیا بیان میں اسے ایک غیر سنجیدہ مقدمہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم اس فضول اور بے معنی مقدمے سے آگاہ ہیں اور ہمارے خلاف کی گئی شکایات اور الزامات کا بھرپور دفاع کریں گے۔