عمران خان پر فائرنگ کے ملزم پر ایک اور مقدمہ درج

482

لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس کے ملزم پر ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق وزیرآباد میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر موجود چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے 22 روز بعد پولیس نے ملزم کے خلاف نا جائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا۔

تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج مقدمہ نمبر 742/22 زیر دفعہ 13/20 /45 کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے عمران خان اور ساتھیوں پر جس پستول سے فائرنگ کی وہ بغیر لائسنس کے  تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر جائے وقوع کے قریب حویلی سے اسلحہ برآمد کیا گیا ۔

ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزم نے واقعے کے بعد پستول کو حویلی میں موجود لکڑیوں میں چھپا دیا تھا۔