جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے لیے سب سے زیادہ آواز اٹھائی، حافظ نعیم

373

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ کراچی کے عوامی مسائل پر آواز اٹھائی جس کے باعث عوام میں زبردست پذیرائی ملی، عوامی مسائل کے حل کی مستقل جدوجہد کے نتیجے میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں شہریوں نے بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیے اور اب بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام جماعت اسلامی کو کامیاب کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کراچی میں میئر اورشہری حکومت کو بااختیار بنانے اورشہریوں کے حقوق کے حصول کے لیے سندھ اسمبلی کے سامنے 29 دن کا تاریخی دھرنا دیا جس میں خواتین نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزیدکہاکہ خواتین کارکنان و ذمہ داران ووٹر لسٹوں کو از سر نو ترتیب دیں، گھر گھر جاکر ووٹر کارڈ پہنچائیں،علاقے اور محلے کی سطح پر ملاقاتیں کریں۔دعوتی اور تنظیمی پروگرامات کو ترتیب دیں۔ نوجوان خواتین کو آگے لائیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ انتخابات 15 جنوری کو ہونے والے ہیں، مسلسل 3 بار ملتوی ہونے کے باوجود جماعت اسلامی کا کام نہیں رکا بلکہ مزید بڑھا ہے۔ بلدیاتی انتخابات حق دو کراچی تحریک کا سنگ میل ثابت ہوں گے،اور بلدیاتی انتخابات کے بعد ہم اگلے فیز میں داخل ہوں گے اور اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت اور جماعت اسلامی کی دعوت کو عام کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اس عالمی تحریک کا حصہ ہیں جو سیاست اور دین میں تفریق نہیں کرتی،جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید مودودی ؒ نے جماعت اسلامی کا قیام بڑے غور و فکر کے بعدکیا، مولانا مودودیؒ اسلام کے اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی پہلوؤں سمیت دیگر مذاہب کے عقائد،مقاصد اور عزائم سے بھی بخوبی واقف تھے اور انہوں نے اسلام کی بالادستی اور اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے ایک مکمل نظام حیات کے طور پر پیش کیا، جماعت اسلامی کا قیام مسلک یا فرقہ کی بنیاد پر یا اقتدار حاصل کرنے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کے دین کے غلبے کیلئے کیا، ہمیں بھی اس پیغام کو عام کرنے کی جدوجہد جاری رکھنا ہے۔