پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحیل، ن لیگ آخری حد تک جانے کیلئے تیار

344
possible

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے آخری حد تک جانے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حذب اختلاف حمزہ شہباز کی زیر صدارت ن لیگ پنجاب کے پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس،گورنر راج لگانے سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر مسلم لیگ ن کا ہنگامی مشاورتی اجلاس ماڈل ٹاون لاہور میں ہوا۔ عمران خان کے سیاسی اعلان کا مقابلہ کرنے کے لیے لیگی ارکان بھی سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی صوبائی پارلیمانی ایڈوائزری گروپ نے حمزہ شہباز کی سربراہی میں 2 گھنٹوں سے زائد بھرپور مشاورت کی اور عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے منصوبے کو روکنے کے لئے پنجاب میں گورنر راج لگانے سمیت دیگر آپشنز بھی زیر غور آئے۔

اجلاس کے بعد مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے اور سپریم کورٹ میں دائر مسلم لیگ ن کی پٹیشن کو سننے کی اپیل بھی کی۔ وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور گورنر کی جانب سے وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے سمیت مختلف آپشنز زیرغور ہیں، تحریک انصاف کے اپنے اراکین بھی اسمبلی ٹوٹنے کے حق میں نہیں، وہ ہم سے رابطوں میں ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی مایوسی کی وجہ سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم اس کو ہر صورت روکیں گے۔