پی ٹی آئی قیادت نے پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی

420

لاہور:سابق وفاقی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اور  خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

بابر اعوان اور علی ظفر کی طرف سے اجلاس کے شرکا کو آئینی اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی گئی، اسمبلی سے مستعفی ہونے کے لئے آئینی مرحلہ سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے مزید آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔قانونی ماہرین نے بریفنگ میں بتایا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو نگران سیٹ اپ تک موجودہ وزیراعلی ہی رہیں گے۔

 حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران سیٹ اپ پر اتفاق نہ ہوا تو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ نگران سیٹ اپ کا اختیار الیکشن کمیشن کو ملنے سے فائدہ پی ڈی ایم کو ہو گا۔پی ٹی آئی کے اجلاس کے دوران اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے بجائے تحلیل کرنے کے آپشن پر مشاورت کی گئی۔

پارٹی رہنماں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے امپورٹڈ حکومت کو ہر صورت عام انتخابات کروانا پڑیں گے۔اجلاس کے بعد لاہور زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے، پارلیمانی پارٹی کی مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا تھاکہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔