علی امین گنڈا پور کے خلاف درج 13 مقدمات خارج

445

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف درج 13 مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف 25 مئی کے لانگ مارچ میں جلاؤ گھیراؤ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے اخراج کے لیے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے علی امین گنڈا پور کی اخراج مقدمہ کی درخواستیں منظور کیں۔ اسلام آباد کے 15 تھانوں کے ایس ایچ او اور تفتیشی افسران عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ علی امین گنڈا پور کے خلاف ثبوت پیش نہ کرنے پر ہائیکورٹ نے اسلام آباد پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پولیس افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ جب نوٹس کرے تو رات  کو نیند نہیں آنی چاہیے، ہم جب وکیل تھے تو ہمیں رات نیند نہیں آتی تھی جب صبح عدالت پیش ہونا ہوتا تھا۔

عدالت نے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر کے بیانات کے بعد علی امین کے خلاف دائر مقدمات خارج کردیے جب کہ 2 مقدمات کے خلاف درخواستیں علی امین گنڈا پور کے وکیل نے واپس لے لیں۔