اسمبلیوں سے استعفے دینے سے کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا، مراد علی شاہ

318

کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کاکہنا ہے صوبے میں اس وقت کوئی نوگو ایریا نہیں، یہ نہیں کہتا کہ حالات تسلی بخش ہیں لیکن امن وامان کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اسمبلیوں سے استعفے دینے سے کوئی آئینی بحران پیدا نہیں ہوگا۔

سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مراد علی شاہ نے کشمور اور شکارپور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کی ہلاکت اور گرفتاری کی تفصیلات بھی بتائیں۔

 مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ شکارپور میں رواں سال کے دوران29 ڈاکوئوں کو ہلاک کیا گیا جن میں 2 اشتہاری ڈاکو بھی شامل ہیں،انہوں نے  کہا کہ اس عرصے کے دوران 585 ڈاکو گرفتار جبکہ 63مغویوں کوبازیاب کرایا جا چکا ہے۔

 وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ نہیں کہتاکہ صوبے میں حالات تسلی بخش ہیں، امن وامان کیلئے مزیدکام کرنے کی ضرورت ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے سے کوئی آئینی بحران پیدا نہیں ہوگا، اگر خان صاحب اسمبلی توڑنا چاہتے ہیں تو توڑ دیں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔