سودی نظام کا خاتمہ اورشریعت کانفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے،محمد حسین محنتی

305
abolition

لاڑکانہ :   امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت محض دعووں کی بجائے سود کے مکمل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بنک سمیت تمام نجی بنک شریعت کورٹ فیصلے کے خلاف دائراپیلیں نہ صرف واپس بلکہ ملک میں اسلامی نظام معیشت کا مکمل روڈ میپ دیاجائے۔سودی لعنت کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان، معیشت تباہ اورپاکستان کا ڈیفالٹ رسک خطرناک سطح پرپہنچ گیاہے۔ایک طرف سودکے حق میں اپیلیں واپس لینے کا اعلان تودوسری جانب شرح سود میں اضافہ دہری پالیسی کی عکاسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سودی نظام کا خاتمہ اورشریعت کانفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے،پرامن ،اسلامی وخوشحال پاکستان کے قیام کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاڑکانہ میں ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ،امیرضلع قاری ابوزبیرجکھرو،جنرل سیکرٹری مولانا یعقوب کمبوہ بھی ساتھ موجود تھے۔اجلاس میں میں سیلاب زدگان کی بحالی ودیگرتنظیمی ودعوتی امورپرغورکیا گیا۔