ہم شہر قائد کو اس کی اصل کی طرف وا پس لا سکتے ہیں، حافظ نعیم

536

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر شہر کو تباہ کیاہے،جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار شہر کی تعمیر و ترقی کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں،ہمارے پاس موجود باصلاحیت ٹیم ہی شہر قائد کو اس کی اصل کی طرف وا پس لا سکتی ہے۔

جماعت اسلامی کلفٹن و الخدمت کے تحت مختلف امدادی کاموں بالخصوص حالیہ سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضاکاروں کے اعزاز میں ”اعتراف خدمت“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ الخدمت کراچی ڈی ایچ اے میں الخدمت کمپلیکس قائم کرنے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اس وقت پورے ملک میں آئی ٹی کے شعبے میں بہت مواقع موجود ہیں،کراچی میں آئی ٹی ملازمتیں تو ہیں لیکن نوجوانوں کے پاس  اس حوالے سے مطلوبہ استعداد اور ڈگری نہیں ہے، ہم کراچی کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے آئی ٹی کے کورسز کروائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  پہلے مرحلے میں ہزاروں نوجوان لڑکوں کا انٹری ٹیسٹ لیا جا چکا ہے اور دوسرے مرحلے میں 4 دسمبر کو باغ جناح گراؤنڈ میں لڑکیوں کے لیے انٹری ٹیسٹ ہوگا۔ جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک جاری ہے،ہم بلدیاتی اداروں اور میئر کے اختیارات کے حصول کی بھی جدو جہد جاری رکھیں گے،ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ ہمارا میئر عوام کے مسائل حل کروائے گا۔ جماعت اسلامی کا مئیر آئے گا تو آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی کے متوسط طبقے کو اپنے بچوں کو اچھی اور معیاری تعلیم دلوانا بھی انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے،سرکاری اسکولوں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ سندھ حکومت نے اہل کراچی کو بالکل ہی نظر انداز کردیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  کراچی کے لوگوں کے لیے روزگار نہیں ہے، موسم سرما کے آتے ہی کراچی کی انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی متاثرہو رہی ہے جس سے یقینی طور پر صنعتی پیداوار بھی متاثر ہو گی، اتنی خراب صورتحال میں بھی کراچی پورے ملک کی معیشت چلارہا ہے، اگر کراچی کے صنعتی علاقوں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی اور بہتر انفرا اسٹرکچر سمیت حکومتی تعاون حاصل رہا تو یہی کراچی پورے پاکستان کی حالت بدل سکتاہے۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں نا صرف کراچی کے لیے مثالی اور ریکارڈ ترقیاتی کام کیے بلکہ الخدمت کے تحت اندرونِ سندھ سمیت ملک بھر میں مختلف متاثرین بالخصوص زلزلہ، بارش اور سیلابی صورتحال میں بھی لوگوں کی مدد کی۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کی جانب سے سندھ، جنوبی پنجاب،کے پی کے اور بلوچستان میں حالیہ سیلاب کی صورتحال کے بعد آج تک خدمت کا کام جاری ہے، اندرون سندھ میں متاثرین کے رہنے کے لیے گھر تعمیر کیے جارہے ہیں۔