فوجی کمان کی تبدیلی، مخصوص علاقوں میں میٹرو بس اور موبائل بند رہیں گے

362

راولپنڈی: نئےآرمی چیف کے لیے کمان کی تبدیلی کی  پر وقار تقریب کل منعقد ہو گی، تاہم اس سلسلے میں مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آرمی چیف کی کمان تبدیلی کی خصوصی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں کل صبح  10 بجے منعقد ہوگی، جس میں نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے جب کہ ریٹائرڈ ہونے والے آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ کمان نئے آرمی چیف کے حوالے کریں گے۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت تمام مسلح افواج کے سربراہان اعلیٰ، سول اور فوجی افسران شریک ہوں گے۔ تقریب میں وفاقی وزرا، سفارت کار، اور ریٹائرڈ فوجی افسران اور ان کی فیملیز کے علاوہ صحافی بھی شرکت کریں گے۔ تقریب میں نئے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی جائے گی۔ نئے آرمی چیف اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔

دوسری جانب جی ایچ کیو راولپنڈی میں چینج آف کمانڈ کی تقریب کے موقع پر شہر کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک موبائل فونز سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

دریں اثنا تقریب کے سلسلے میں سکیورٹی کے حوالے سے راولپنڈی صدر اسٹیشن سے فیض آباد اسٹیشن  تک راولپنڈی سیکشن پر میٹرو بس سروس آپریشن  منگل کی صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک معطل رہے گا۔ میٹرو بس اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فیض آباد سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد سیکشن پر میٹرو بس معمول کے مطابق آپریشنل رہے گی۔