آرمی چیف کے اثاثوں سے متعلق اعداد و شمار گمراہ کن ہے، آئی ایس پی آر

299
(File Photo)

 راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف مذموم مہم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپہ سالار اور ان کی فیملی کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اعداد وشمار شیئر کیے گئے ہیں۔

 آئی ایس پی آر نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک خاص گروپ نے نہایت چالاکی و بد دیانتی کے ساتھ جنرل باجوہ کی بہو کے والد (سمدھی) اور فیملی کے اثاثوں کو آرمی چیف اور خاندان سے منسوب کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سراسر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے آرمی چیف جنرل باجوہ کے چھ سالہ دور میں ان کے سمدھی کی فیملی نے بنائے۔بیان میں کہاگیاکہ یہ قطعی طور پر حقائق کے منافی اور کھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ان کی اہلیہ اور خاندان کا ہر اثاثہ ایف بی آر میں باقاعدہ ڈکلیئرڈ ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف و خاندان باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں،ہر شہری کی طرح آرمی چیف اور ان کی فیملی ٹیکس حکام کے سامنے اپنے اثاثہ جات سے متعلق جواب دہ ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی فیملی کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اعدادوشمار شیئر کیے گئے ہیں، یہ گمراہ کن اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیئے گئے ہیں۔