استحکام پاکستان وکلا کنونشن اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا، ضیا الدین انصاری

416

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری  ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالا دستی ہی ملک و قوم کی ترقی کی ضمامن ہے۔قانون کی بالادستی کسی ملک کی امن و سلامتی اور سیاسی استحکام کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آئی ایل ایم لاہور کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس میں 3 دسمبر کو ہونے والے ”استحکام پاکستان  وکلاء کنونشن ” کی تیاریوں  کے جائز ے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور اداروں کو سیاست میں ملوث کرنا ملک و قوم کی عزت اور ساکھ کو بری طرح متاثر کررہا ہے یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

کرپٹ سیاستدان اور حکمران اقتدار کی جنگ میں ملکی سلامتی  اور استحکام کی پروا کیے بغیر عوام کے بنیادی حقوق بھول چکے ہیں۔ ملک میں بڑی تعداد میں لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔ غریب کے لیے انصاف کا حصول مشکل ترین امر بن چکا ہے۔ اس گھمبیر صورتحال میں آئی ایل ایم لاہور کے زیر اہتمام استحکام پاکستان وکلاء کنونشن  ملک میں کے لیے اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایل ایم  لاہور کی ٹیم مظلوموں کو انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار کررہی ہے جس پر تمام ممبران اور عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آئی ایل  ایم کے پلیٹ فارم سے اسلامی پاکستان او رخوشحال پاکستان کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔

اس موقع پر صدرآئی ایل ایم لاہور نصراللہ اولکھ ایڈووکیٹ،  ایڈیشنل سیکرٹری آصف شاکر ، نائب صدر محمد یونس، جاوید اقبال، محمد ارشد گوندل، محمد اعجاز غوری، مختار اعوان ، عبدالریم، محمد طارق بٹ سمیت دیگر ذمے داران و عہدیداران نے شرکت اور کنونشن کی کامیابی کے لیے تمام وسائل برائے کار لانے کا عزم کیا گیا۔