پاکستان کیخلاف ورلڈکپ کی یادگار اننگز ہمیشہ دل میں رہے گی، کوہلی

242

 نئی دہلی:بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر ویرات کوہلی  نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف اننگز ہمیشہ دل میں رہے گی،

ویرات کوہلی نے حال ہی میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں 82رنز کی ناقابل یقین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ویرات کوہلی کی پاکستان کے خلاف اننگز کی تعریف پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین کی جانب سے کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ یہ اننگز صرف ویرات کوہلی جیسا کھلاڑی ہی کھیل سکتا ہے،اگر اس کی جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ یہ کمال نہ کر سکتا تھا۔

ویرات کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف اپنی اننگز کو اپنے کرکٹ کیرئیر کی ایک یادگار اننگز قرار دیا تھا،اب بھارتی بیٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف اننگز کو یاد کیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 23اکتوبر 2022ہمیشہ میرے دل میں بہت خاص رہے گا، ایسی انرجی میں نے اپنے کرکٹ کیرئیر میں اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کی تھی، کیا ہی شاندار اننگز تھی۔