پاکستان میں فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی، وزیر آئی ٹی

380
podcast service

 اسلام آباد:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا  ہے کہ پاکستان میں فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو خط ارسال کیا ہے جس حوالے سے انہوں نے بتایاکہ کچھ روز قبل تمام ٹیلی کام آپریٹرزکی جانب سے وزارت آئی ٹی کوخط لکھا گیا، خط میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے گوگل کو ادائیگی روکنے کے خدشات کا اظہارکیا گیا، پھر ہم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا،امین الحق نے کہا کہ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکارہے، اس طرح کے فیصلے معاملات مزید خراب کرسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک کے ادائیگی روکنے سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہوجائیں گی جب کہ بین الاقوامی اداروں کو ادائیگی روکنے کا عمل پاکستان کی ساکھ متاثرکرسکتا ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی البتہ پیڈ ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،امین الحق نے مزید کہاکہ وزیرخزانہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کریں۔