چین: چمگادڑوں میں کورونا جیسا ایک اور وائرس دریافت

328
چین: چمگادڑوں میں کورونا جیسا ایک اور وائرس دریافت

بیجنگ:سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جنوبی چین میں موجود چمگادڑوں میں کووڈ کے جیسا ایک وائرس دریافت ہوا ہے جو انسانوں میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سن ییٹ-سین یونیورسٹی، ینان انسٹیٹیوٹ آف اینڈیمک ڈیزیز کنٹرول اور یونیورسٹی آف سِڈنی کے محققین کی رہنمائی میں کی جانے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ BtSY2نامی یہ وائرس SARS-CoV-2سے قریبی تعلق رکھتا ہے جس کے سبب کورونا کی عالمی وبا پھیلی اور اس کے پھیلنے کے خطرات موجود ہیں۔

بطور پری پرنٹ پیپر bioRxivسرور پر شائع ہونے والے اس مقالے میں سائنسدانوں نے بتایا کہ یہ وائرس چین کے ینان صوبے کے چمگادڑوں میں پائے جانے والے پانچ وائرسز میں سے ایک ہے جو انسانوں یا مویشیوں میں منتقلی کے امکانات رکھتا ہے۔

وائرس کے سامنے آنے کے بعد محققین نے ایک نئی زونوٹِک بیماری کی لہر کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ زونوٹِک بیماریاں وہ بیماریاں ہوتی ہیں جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہیں۔

مقالے میں ٹیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پانچ ایسے وائرسز کی شناخت کی ہے جو انسانوں یا مویشیوں میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں جن میں سے ایکSARS-CoV-2اور50 SARS-CoVسے انتہائی قربت رکھتا ہے۔ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ تحقیق میں مختلف جانداروں کے مابین منتقلی اور چمگادڑوں کے وائرسز سے متاثر ہونا ایک مشترکہ چیز ہے۔