فیفا ورلڈ کپ میں برازیلین کپتان زخمی، آئندہ میچز میں شرکت مشکوک

331
doubtful

دوحا: برازیلین فٹ بال ٹیم کے کپتان نیمارقطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں سربیا کے خلاف گروپ جی کے میچ کے دوران پاؤں میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی آئندہ میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے ٹکرانے کے بعد نیمار کے دائیں ٹخنے میں موچ آئی جس کے باعث انہیں گراونڈ سے باہر جانا پڑا،برازیل کی فٹبال ٹیم کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ نیمار کے ٹخنے میں موچ آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹار پلیئر کا علاج شروع کردیا ہے، آئندہ 24گھنٹوں میں ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد پتا چلے گا کہ وہ مزید میچز کھیل پائیں گے یا نہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ انجری کی نوعیت سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، ہمیں امید ہے کہ نیمار فٹبال ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔واضح رہے کہ برازیل نے فیفا ورلڈ کپ 2022میں اچھا آغاز کرتے ہوئے حریف ٹیم سربیا کو 0-2گول سے شکست دی ہے۔

برازیلین ٹیم اپنا گروپ جی کا دوسرا میچ 28نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف دوحہ میں کھیلے گی،برازیلین فٹ بال ٹیم کے کوچ ٹائٹ کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ نیمار جلد فٹ ہوکر میدان میں نظر آئیں گے،نیمار کو برازیل کے لیے پیلے کے 77کے آل ٹائم ریکارڈ کی برابری کرنے کے لیے صرف دو گول درکار ہیں،نیمار کے ٹخنے میں موچ کا جمعہ کو معائنہ کیا جائے گا۔