ہار جیت ہوتی رہتی ہے، جو غلطی مان نہیں سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا، آرمی چیف

406

اسلام آباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزازمیں عشائیہ دیا گیا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیزراجہ نے دونوں اہم شخصیات کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی اور دونوں نے خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے سے مصافحہ کیا۔

جنرل باجوہ نے قومی کرکٹرزسے بھی ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف کی بابراعظم اور شاہین آفریدی سے بھی گفتگو ہوئی۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے شاہین آفریدی سے ان کی انجری سے متعلق دریافت کیا۔

صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز بہت اچھا کھیلتے ہیں، کھلاڑی اپنی کارکردگی کومزید بہتر بنانے کیلے محنت کریں۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جانا چاہیے۔ کرکٹ کے ساتھ ہاکی اور فٹبال کا کھیل پسند ہے، کھیلوں کی بہتری کیلے اپنی سپورٹ جاری رکھوں گا۔

کرکٹ ٹیم  سے متعلق سوال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ  ٹی 20کرکٹ فارمیٹ میں شاداب خان بہترین کرکٹر ہے،  لیڈر شپ کا کام لڑنا ہوتا ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے، جو لیڈر اپنی غلطی مان نہیں سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھاکہ شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتا تو فائنل کارزلٹ مختلف ہوتا ، ورلڈ کپ میں ہم کلوز مارجن سے ہارے ،  بھارت ورلڈ کپ میں 10وکٹوں سے ہارا،   ہماری ٹیم اب دوبارہ کھڑی ہوگی ہے۔