موسمیاتی تبدیلی پر اہم معاہدے کا ہونا پوری دنیا کی جیت ہے، وزیر خارجہ

244
the truth

اسلام آباد:چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پر اہم معاہدے کا ہونا پوری دنیا کی جیت ہے،معاہدہ ان انسانوں کی جیت ہے جو موسمیاتی تبدلیوں کی تباہی سے متاثر ہوئے، مالی تعاون پر دیکھنا ہے کہ عالمی مالیاتی نظام کیا طریقہ کار اپناتا ہے،دیکھنا ہے کہ مالی تعاون سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں تک کیسے پہنچے گا۔

جمعہ کے روز غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں مالی تعاون کا معاملہ کوپ کے آئندہ اجلاس تک مکمل ہونے کا امکا ن ہے،کوپ کے آئندہ اجلاس کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا۔ 

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جی 77پلس چائنہ میں بہت سارے ممالک وعدوں کی عدم تکمیل پر پریشان ہیں،یہی وجہ ہے کہ معاہدے میں لکھی جانے والی تحریر اہم ہے،تحریر ممالک کو اپنے وعدوں کی پاسداری کا پابند بناتی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے صرف ترقی پذیر ممالک نہیں بلکہ ترقی یافتہ دنیا بھی متاثر ہوگی،جی 77پلس چائنا کے سربراہ کے طور پر چاہتے ہیں،معاہدے کے نکات پر عمل درآمد ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ڈیمج اینڈ لاس فنڈقائم کیا اور مالی مدد کی فراہمی کےلئے انتظامات کئے ہیں،ہم نے متعین مدت میں اس سے منسلک اہداف کو پورا کرنے کےلئے کام کرنا ہے۔