آرمی چیف کی تعیناتی کا فنکشن صدر کا ہے ہی نہیں، معاون خصوصی وزیراعظم

286

اسلام آ باد : معاون خصوصی وزیراعظم عرفان قادر کا کہنا ہے کہ تعیناتی کا فنکشن صدر کا ہے ہی نہیں۔ آرمی چیف اور چیف آف جوائنٹ اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے حوالے سے معاون خصوصی وزیراعظم عرفان قادر کا کہنا تھا کہ دونوں تعیناتیاں بہت خوش آئند طریقے اور اتفاق رائے سے ہوئی ہیں۔

عرفان قادر کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر حاضر سروس ہیں اور وفاقی حکومت جنرل عاصم منیرکو ری ٹین کرسکتی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صدرمملکت کے پاس سمری پر دستخط کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، تعیناتی کا فنکشن صدر کا ہے ہی نہیں، وفاقی حکومت کا ہے، صدر کا کام صرف سمری پر دستخط کرنے کےعلاوہ اور کچھ نہیں، مجھے لگتا ہے سمری آج ہی اپروو ہوجائے گی۔

عرفان قادر نے کہا کہ عمران خان سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کررہےہیں جوقانونی طور پرغلط ہے، ان کے بیانیے کے ساتھ ان کی اپنی جماعت بھی نہیں ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، دونوں تقرریاں بالکل آئین کے مطابق ہوئی ہے، حکومت کو ریٹائرمنٹ فریز کرنےکی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور خوش اسلوبی سے معاملہ طے ہو جائے گا۔