آرمی چیف تقرر سے ملک میں بے یقینی کی کیفیت ختم ہو گئی، سراج الحق

328

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اعلیٰ عسکری قیادت کی آئین، میرٹ اور سینیارٹی کے اصول پر متفقہ تقرریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں بے یقینی کی کیفیت ختم ہو گئی۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اول روز سے یہ مؤقف ہے کہ اعلیٰ عسکری عہدوں پر تقرریاں صوابدید کے بجائے سینیارٹی اور قابلیت کی بنیاد پر ہونی چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ 75سالہ تجربہ کے بعد حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے میرٹ پر متفقہ فیصلہ کر کے ہوش مندی ، دانش مندی اور معاملہ فہمی کا مظاہرہ کر کے بے یقینی کی کیفیت کو ختم کیا ہے۔

سراج الحق نے امید ظاہر کی کہ نئی عسکری قیادت آئین کے اندر کام کرنے کے عزم کی پاسداری کرے گی اور سول سپریمیسی کو عملاً یقینی بنائے گی۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متفقہ انتخابی اصلاحات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ڈائیلاگ کا آغاز کرے اور گول میز کانفرنس میں آئین، جمہوریت، شفاف انتخابات اور سول حکومت کے آزادانہ کردار پر سمجھوتے کی راہ ہموار کرے۔