مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں نماز استسقا کے بعد ابر رحمت برس پڑا

400

مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں نماز استسقا کے بعد ابر رحمت برس پڑا، جس سے سعودی عرب میں مقیم شہریوں، غیر ملکیوں اور زائرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت دیگر شہروں میں موسلا دھاربارش ہوئی۔ پانی جمع ہونے کے باعث مکہ ۔ جدہ ہائی وے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔جدہ میں طوفانی بارش کے بعد تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دریں اثنا سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں زائرین اورعام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جدہ ائیرپورٹ پر آنے سے قبل متعلقہ ائیرلائن سے فلائٹ کا اسٹیٹس معلوم کریں،شدید بارش کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے اور متعدد پروازیں منسوخ کی گئیں یا روانگی اور آمد میں تاخیر ہوئی، یاد رہے کہ کچھ روز قبل خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر سعودی عرب میں بارش کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی تھی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نجران، جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔مکہ کے کچھ حصوں اور جدہ، اللیث اور قنفدہ سمیت ساحلی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔