پی آئی اے: 11 ماہ میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 57 واقعات

339

کراچی: ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 11 ماہ کے دوران پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 57 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات پر مبنی اعداد و شمار جاری کر دیے، سب سے زیادہ واقعات لاہور ایئر پورٹ پر واقع ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری تا اکتوبر53 اور نومبر میں 4 واقعات رپورٹ ہوئے، طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں ڈالر نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ 21 واقعات طیاروں کے لینڈنگ کے دوران ہوئے، دوران اپروچ 12 اور ٹیک آف کے وقت طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے۔

 پی آئی اے کے مطابق پرندے ٹکرانے سے پانچ طیاروں کو نقصان پہنچا، زیادہ تر واقعات میں طیارے بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔کراچی ایئرپورٹ پر جنوری سے اکتوبر تک پرندے ٹکرانے کے 6 واقعات ہوئے، رواں ماہ 2 واقعات ہوئے، مجموعی طور پر 8 طیاروں کے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

لاہور میں جنوری تا اکتوبر 23 اور نومبر میں 2 واقعات رپورٹ ہوئے، مجموعی طور پر 25 واقعات رپورٹ ہوئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر 10 ماہ کے دوران 8 واقعات رپورٹ ہوئے، فیصل آباد ایئرپورٹ پر 1، سکھر 1، کوئٹہ 7، پشاور 4 جب کہ دمام میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔جن طیاروں کو پرندے ٹکرانے سے نقصان پہنچا، ان میں پی آئی اے کے اے ٹی آر، بوئنگ 777، ایئر بس 320 طیارے شامل ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث قومی ایئر لائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، اور اس سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوتا ہے۔