بلاول سے قطری سفیر کی ملاقات، فیفا ورلڈ کپ میچ قطر میں دیکھنے کی دعوت

309

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے قطر کے پاکستان میں سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان بن فیصل آل ثانی نے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد پر قطر کے سفیر کو مبارک دی۔

قطر کے سفیر نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ قطر کی طرف سے فیفا ورلڈ کپ میچ قطر میں دیکھنے کی دعوت دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قطر کے ساتھ پاکستان اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اسلامی اخوت و بھائی چارے ، باہمی اعتماد و تعاون پر مبنی تاریخی تعلقات استوار ہیں۔

دریں اثناوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے ریذیڈنٹ سفیر جمال باکر عبداللہ کی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایتھوپیا کو پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولنے پر خوش آمدید کہا اور پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سفارتی تعلقات کی تجدید کو خوش آئیند قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے اور ایتھوپیا کی ایئر لائن کے اشتراک سے براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔

ایتھوپیا کے سفیر نے سفارت خانہ کھولنے میں تعاون کی فراہمی پر حکومت پاکستان بالخصوص وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ریذیڈنٹ سفیر جمال باکر عبداللہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ایتھوپیا میں پاکستان کا سفارتخانہ کھلا تھا اور آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دور میں ایتھوپیا نے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ کھولاہے۔