مصر میں دنیا کا سب سے بڑا ونڈ فارم سعودی عرب اور یورپ کو بجلی فراہم کرے گا

325

قاہرہ : مصر کے قابل تجدید توانائی کے ڈویلپر انفینٹی نے کہا ہے کہ مصر میں تعمیر کیے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے ونڈ فارمز میں سے ایک 2030 تک کام کرنے کے لیے تیار ہے جس کی تعمیر 2024 میں شروع ہونے والی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق   11 بلین ڈالر کا ونڈ فارم ابوظبی کی ملکیتی فرم مصدر اور انفینٹی پاور ہولڈنگز کی سربراہی میں ایک کنسورشیم کے ذریعے بنایا جا رہا ہے جو مکمل ہونے پر سعودی عرب اور یورپ کو بجلی فراہم کر سکتا ہے۔ انفینٹی پاور کے چیئرمین محمد منصور نے کہا ہے کہ اس منصوبے کی پیداواری صلاحیت 10 گیگا واٹ ہو گی اور یہ اس دہائی کے آخر تک فعال ہوجائے گا۔محمد منصور نے مزید کہا کہ کنسورشیم، جس میں مصر کی حسن عالم یوٹیلٹیز شامل ہیں، اس منصوبے کے لیے منیا اور اسوان میں زمین کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ مقامات ایسے منصوبے کے لیے مثالی ہیں کیونکہ ان علاقوں میں ہوا کی رفتار 10 میٹر فی سیکنڈ تک پہنچ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ مصر اور متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہی اجلاس کے دوران اس ونڈ پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد دونوں کو علاقائی بجلی کے ایک مرکز میں تبدیل کرنا تھا۔