سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائی، داعش کمانڈر سمیت دو دہشتگرد گرفتار

391

 راولپنڈی: محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) پنجاب نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے انتہائی مطلوب کمانڈر خالد عرف محمد نبی سمیت دو دہشت گرد گرفتار کرلیے۔ 

ترجمان کے مطابق دہشت گرد کمانڈر خالد عرف محمد نبی نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ دہشت گرد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جو راولپنڈی میں تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ دوران تفتیش دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ چھ سال قبل داعش تنظیم کے سابقہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کے بعد اسے بطور امیر داعش خراسان دلسوالی نور گل مقرر کیا گیا۔

خالدعرف محمد نبی داعش تنظیم کو خراسان میں منظم کرنے اور داعش کے زیر قبضہ علاقہ کے دفاع اور محاذ آرائی میں ملوث رہا جبکہ 2019 میں افغان فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جلال آباد اور پل چرخی جیل میں قید بھی رہا، 2021 میں طالبان حکومت آنے کے بعد پل چرخی جیل ٹوٹنے پر فرار ہوا اور غیر قانونی طور پر افغانستان سے پاکستان داخل ہوا۔ دہشت گرد نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے محمد خالد کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بنایا۔