چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے الوداعی دورے

349
Farewell

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے نیول اور ایئرہیڈ کوارٹرز کے الوداعی دورے کئے۔

دورے میں انہو ں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقاتیں کیں، جنرل ندیم رضا نے  پاک بحریہ اور پاک فضائیہ  کی جنگی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے نیول ہیڈ کوارٹرز اور ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کا الوداعی دورہ کیا، ان دوروں کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقاتیں کی۔

جنرل ندیم رضا نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملکی بحری اور فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے ان کے عزم کو سراہا۔ پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی تینوں مسلح افواج میں ہم آہنگی اور تعاون کیلئے خدمات کے فروغ میں کردار کو سراہا۔ قبل ازیں ایئر اور نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔