کراچی میں عباسی شہید اسپتال کی مشینیں خراب،تمام شعبے بند، مریض رل گئے 

437

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے دوسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کے حالات بدترین ہوگئے، تمام شعبے بند اور غیر فعال ہیں، وہاں آنے والے مریض دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے دوسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کا حال برا ہے، اسپتال کے تمام شعبے بند پڑے ہیں۔اسپتال میں لاکھوں روپے مالیت کی ایکسرے مشین اور سی ٹی اسکین سے لے کر تمام مشینری خراب پڑی ہے، ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو جناح اسپتال اور سول اسپتال بھیج دیا جاتا ہے۔

اسپتال کے باہر پریشان حال کھڑے مریضوں کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری اسپتال میں مفت علاج کروانے ا?ئے ہیں لیکن یہاں ادویات ہی نہیں، ہزاروں روپے کی ادویات باہر سے خریدنے کے لیے کہا جاتا ہے۔علاوہ ازیں لیبارٹریز بھی غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے مہنگے ٹیسٹ کہیں اور سے کروانے کے لیے کہا جاتا ہے۔

گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تاہم مریضوں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے وعدے پہلے بھی صاحبان اقتدار کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں لیکن اسپتال کی حالت میں تاحال کوئی بہتری نہیں آئی۔